سوال نمبر5
بائبل مقدَس کے مطابق کیا کِسی مسیحی
لڑکے یا لڑکی کو کِسی غیر مسیحی سے شادی کرنے کی اجازت ہے؟
جواب
یہ نہایت ہی اہم سوال ہے اور اکثر سُننے میں آتا ہے
کیونکہ مسیحی کلیسیا سے غیر مسیحی یہ کہتے ہیں کہ ہمیں اِجازت ہے کہ آپ
سے شادی بیاہ کر سکتے ہیں لیکن صرف مسیحی لڑکی سے، لڑکے سے نہیں۔اِس
سوال کا جواب دینے کی دورِ حاضر میں نہایت ہی اہم ضرورت ہے۔کئی مسیحی
نوجوان اپنے ایمان میں مضبوط نہ ہونے کے سبب سے اپنی بیڑیاں جلا دیتے
اور اِس آگ میں چھلانگ لگا دیتے ہیں۔وہ اپنا مقام تو کیا اپنے والدین
کے ناموس کی بھی دھجیاں اُڑا دیتے ہیں اور یہوداہ بن کر خواہشِ نفس سے
مغلوب ہو کر یسوع مسیح کا بھی سودا کر بیٹھتے اور چند ٹکوں کے عوض اُسے
سرِ عام نیلام کر بیٹھتے ہیں۔ عہدِ عتیق میں خُدا نے بنی اسرائیل کو
خبردار کیا تھا کہ وہ غیر قوموں یعنی بے ایمانوں میںبیاہ شادی نہ
کریں(گنتی12:1؛
خروج
34:12-16؛
استثنا
7:1-4؛
عزراہ
10:2-3؛
نحمیاہ
13:25-27؛
1سلاطین
11:1-10؛
ملاکی
2:11؛
1کرنتھیوں
7:39)۔
اِس کی وجہ یہ بھی ہے کہ اُن کا ایمان اور عقیدہ وہ نہیں جو کسی مسیحی
کا ہے اور یہ بھی یاد رکھیں کہ اِس طرح کی نافرمانی کی سزا تیسری اور
چوتھی پُشت تک مِلتی رہتی ہے(خروج20:3-5)۔
چونکہ عہدِ عتیق اور عہدِ جدید دونوں کا ایک ہی مصنف ہے
جس کی وجہ سے وہ عہدِ جدید میں بھی غیر نجات یافتہ لوگوں سےازدواجی
تعلق قائم کرنے سے منع فرماتا ہے۔2کرنتھیوں6:14-18کا
مطالعہ کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ ایمانداروں کو ایسا کرنا زیبا نہیں
ہے۔ایماندار کی شادی ایماندار سے ہی ہونا چاہیئے اور میں تو یہاں تک
کہوں گا کہ اِس آیت کا مطلب یہ بھی ہے کہ ایماندار مسیحی کو بے ایمان
مسیحی سے بھی شادی نہیں کرنا چاہیئے۔ کیونکہ یہ کلامِ خُدا کے برخلاف
ہے۔اگر دونوں میں سے ایک خُدا پرست ہو اور دوسرا نہیں تو دونوں کی
گاڑی نہیں چلے گی۔
میں نے دیکھا کہ کئی مسیحی ایماندار
کسی غیر نجات یافتہ کے دامِ محبت میں پھنس جاتے ہیں اور پھر کسی غیر
مسیحی سے رِسمِ نکاح بھی ادا کر وا لیتے ہیں۔ صاف ظاہر ہے کہ غیر مسیحی
رِسمِ نِکاح بھی اپنے طریقے سے کرے گا نہ کہ مسیحی عقیدہ کے مطابق کرے
گا۔ اِس پر پردہ ڈالنے کیلئے وہ کئی بہانے بھی بناتے ہیں اور جواز یہ
ہوتا ہے کہ بعد میں اِسے مسیحی کر لیا جائے گا۔ جبکہ بعد میں کبھی
ایسا نہیں ہوتا اور پھر ہم ہیں بھی کون جو کسی کو کنورٹ کر سکتے ہیں۔
یہ پاک روح کا کام ہے اور اُسے ہی کرنے دیا جائے۔ ہم کبھی کسی کو مسیحی
نہیں کر سکتے۔ یہ محض بہانہ بازی کی روح ہے اِس کے علاوہ اور کُچھ بھی
نہیں۔اگر آپ نے مندرجہ بالا حوالہ جات کی تلاوت کی ہو تو معلوم ہو گیا
ہو گا کہ جب سلیمان کے ایساکیا تو خُدا اُس سے خوش نہیں ہوا بلکہ
ناراض ہوا۔ اِس لیئے کِسی غیر نجات یافتہ کیساتھ شادی کے خواب دیکھنا
سراسر بربادی ہے۔میں آپ کو ایک مشورہ بھی دوں گا اور وہ یہ کہ میرا ایک
کتابچہ بنام’’دُور کی نظر‘‘ دُخترانِ کلیسیا کے نام ضرور پڑھیں۔ اگر آپ
کو مندرجہ بالا بیماری کے وائرس ہیں تو یہ کتاب آپ کیلئے اینٹی وائرس
کا کام کرے گی۔خُداوند
آپ کو برکت بخشے(آمین)۔