Home
Questions And Answers

سوال: چرچ کے اندر سالگرہ منائی جا سکتی ہے کہ نہیں؟

جواب:

 شارجہ سے ہمارے ایک بھائی جناب پیٹر صاحب پوچھتے ہیں کہ کیا گر جا گھر میں بچوں یا بڑوں کی سالگرہ منانا درُست ہے؟

برادرم پیٹر صاحب! آپ نے یہ سوال کر کے نہ جانے کتنے لوگوں کے مسئلے کو حل کر دیا۔ بہت بہت شکریہ۔  آپ کا سوال بہت ہی اہم ہے اور اس سوال کا جواب اس سے بھی زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ گرجا گھر عام طرح کا حال، یا کیمونٹی سینٹر نہیں ہوتا ۔ یہ ایک ایسا مقام ہوتا ہے جہاں مقدّسین خدا کیسا تھ میل ملاپ کرتے ہیں۔ یہ ایک ایسا مقام ہوتا ہے جہاں خدا کی حضوری ہوتی ہے اور ہم خدا سے اور خدا ہم سے بات کر رہا ہوتا ہے۔ اگر چہ یہ عمل ضروری نہیں کہ کسی خاص جگہ پر ہی ہو کیونکہ خدا کی حضوری کا تجربہ تو کسی بھی جگہ کیا جا سکتا ہے لیکن گر جا گھر ایک ایسا مقام ہوتا ہے جو صرف اس کام کیلئے مخصوص ہوتا ہے کہ وہاں خدا کی پرستش کی جائے اور اس کے منہ کی باتوں کو سنا جائے ۔ اس کے علاوہ کوئی بھی ایسا کام جس کا عبادت سے تعلق نہیں ہے گر جا گھر میں نہیں کیا جا سکتا۔ ایسے کاموں کیلئے ہال بک کروائے جائیں تو اچھا ہو گا۔

یاد رکھیں کہ اگر کسی بچے کی سالگرہ منانا ہی چاہتے ہیں  توپھر اچھا ہو گا کہ گرجا گھر میں صرف ایک شکرگزاری کی عبادت کریں، کلیسیا کو مدعو کر میں اور اگر کیک وغیرہ کا ٹنا ہے تو یہ اعلان کیا جائے کہ بعد از عبادت کیک گرجا گھر کے باہر کا ٹا جائے گا ۔ اگر آپ کا گر جا گھر اتنا چھوٹا ہے کہ جگہ نہیں تو بہتر ہوگا کہ کوئی ہوٹل کا حال بُک کریں ۔ ویسے تو یہ سب فضول خرچی کے علاوہ  کچھ نہیں ہے تو بھی اگر کرنا ضروری ہے تو پھر ایسا کریں جیسا میں مشورہ دے رہا ہوں لیکن گرجا گھر کے اندر ایسا کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہونا چاہئے ۔ سالگرہ منانا ایک دُنیاوی رِسم ہے جو ہیرودیس نے بھی منائی تھی اور اچھا ہو گا کہ خانہ خدا کو ڈاکووں کی کھوہ نہ بنایا جائے ۔ اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو باقیوں کیلئے بھی دروازہ کھولتا ہے۔ پاسبانوں کو بھی اس غرض سے سمجھوتہ نہیں کرنا چاہئے کہ اس خاندان سے کچھ ملے گا۔ میرا مشورہ ہے کہ وہ بھی اس ناہموار جوئے میں پاسبانوں کو نہ جُتیں۔

 اگر آپ کے گرجا گھر کی پراپرٹی اتنی بڑی ہے کہ گرجا گھر کے احاطہ میں اتنی جگہ ہے یا گر جا گھر کے اوپر یا نیچے کوئی ایسا حال ہے جہاں یہ پروگرام کیا جا سکتا ہے تو یہ کیمونٹی کا کام ہے ضرور کریں لیکن عبادت گاہ میں کبھی نہ کریں۔ جب یسوع نے ہیکل میں کا روبار کرنے والوں کو باہر نکالا تو اس کے پیچھے یہی سبب تھا کہ خدا کے گھر کے تقدّس کو پامال کیا جا رہا تھا۔ میں امید کرتا ہوں کہ یہ جواب کسی حد تک آپ کی تسلی کا سبب ہوگا ۔ خداوند آپ کو برکت بخشے ۔ آمین

Back to Questions