Home
Questions And Answers

سوال: یوحنا ۱: ۱ کے مطابق پہلے خدا تھا یا خدا کا کلمہ تھا؟

جواب:

یوحنا  ۱: ۱  کے مطابق پہلے خُدا تھا یا اُس کا کلمہ تھا ؟

قارئین میرے ایک مسیحی  بھائی سے کسی مسلمان دوست نے سوال پوچھا کہ بائبل مقدس میں یوحنا۱ : ۱ ۔ ۲  کے مطابق ابتدا میں کلام تھا اور کلام خدا کے ساتھ تھا اور کلام خدا تھا، یہی ابتدا میں خدا کے ساتھ تھا۔ ذرا  بتائیے  کہ پہلے خدا تھایا اُس کا کلمہ تھا ؟ جب یہ سوال مجھ سے پوچھا گیا تو میں نے سوچا کہ یہ شاید کسی فرد واحد کا سوال نہ ہو بلکہ ممکن ہے کہ بہت سے لوگوں کا ہو۔ اس لیئے مجھے اس سوال پر تحقیق کر کے کچھ تحریر کرنا ہوگا۔ لہذا خاکسار حاضر خدمت ہے۔

 یوحنا کی معرفت لکھی گئی یعنی ملہم انجیل مقدس میں پاک روح نے انسانی مصنف مقدس یوحنا جو محبت کا رسول بھی کہلاتا ہے اُس کی رہنمائی فرمائی کہ وہ یسوع مسیح کی الوہیت (الٰہی شخصیت) سے متعلق تحریر کرے کہ وہ اصل میں کون تھا۔ مقدس یو حنا خداوند یسوع مسیح کی الوہیت کو بیان کرتے ہوئے اس بھید سے پردہ کشائی کرتا ہے کہ یسوع مسیح بطور کلمہ ابتدا سے ہی ہے۔ یہاں ابتدا سے مراد یہ ہے کہ جب سے خدا ہے۔ اب خدا کب سے ہے، ہمیں کچھ معلوم نہیں، کیونکہ خدا کا کلام اس بارے میں خاموش ہے اور اس کے علاوہ کچھ نہیں کہتا کہ وہ ازل سے ابد تک خدائے محمود ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ خدا ہی ابتدا سے ہے۔ لیکن توریت کی پہلی کتاب پیدائش  ۱: ۱ ۔ ۳  کے مطابق جب سے خدا ہے اُس وقت سے اُس کا کلمہ اس کے ساتھ ہے۔ مقدس یوحنا اس انجیل میں اس بھید کو کھول رہا ہے کہ جو مجسم ہوا ہے (یوحنا  ۱: ۱۴ ) وہ  شروع ہی سے ہے۔ وہ صرف اُس کلمہ کو ہی مضمون بنارہا اور کہہ رہے ہیں کہ جس کلمہ کی میں بات کرتا ہوں ، جو کلمہ مجسم  ہوا جو  خدا بھی ہے۔  و ُہ پہلے ہی سے موجود ہے یعنی جب سے خدا ہے۔

 دوسرے لفظوں میں یہ کہ جب سے خُدا ہے اُس وقت سے اس کا کلمہ بھی اُس کے ساتھ ہے۔ لیکن مقدس یوحنا کلمہ کو مضمون اس لیے بناتا ہے کیونکہ اس انجیل میں وہ صرف کلمہ ہی کے مجسم ہو کر اس دنیا میں آنے اور اُس کے مقصد کی بات کرتا ہے۔ تا کہ یہودی اور یونانی اس حقیقت کو سمجھ جائیں کہ جو کلمہ مجسم ہوا وُہ شروع ہی سے ہے۔ یہاں مقد سہ مریم سے ولادت کی بات نہیں ہو رہی ہے۔ یہ ولادت تو صرف ایک وسیلہ تھی اور وُہ یہ کہ کلمہ مجسم ہو کر بنی تو انسان کے گناہوں کیلئے اپنی جان بطور فدیہ دے تا کہ جو کوئی اس مجسم کلام یعنی کلمتہ اللہ  مسیح ابن مریم کے کفارے پر ایمان لائے وہ گناہوں کی معافی اور ہمیشہ کی زندگی حاصل کرے۔ بہت ہی اختصار کیساتھ اس بھید کو کھولنے کی کوشش کی گئی ہے۔ امید کرتا ہوں کہ آپ پر یہ بھید کھل گیا ہو گا ۔ ہماری ویب سائٹ پر ایسے بہت سے سوالات موجود ہیں جن کے مدلل جوابات دیئے گئے ہیں۔ خود پڑھیں ، برکت پائیں اور دوسروں کیلئے بھی برکت کا سبب نہیں۔ خداوند آپ کو برکت بخشے

 ( آمین )۔

Back to Questions